برطانیہ سے پھیلنے والی کورونا کی نئی قسم پاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے برطانیہ سے آنے والے دو افراد میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق کردی۔تفصیلات کے مطابق مہلک ترین وبا کرونا وائرس کی دنیا پر یلغار ابھی رکی نہیں تھی کہ کوویڈ نائنٹین کی نئی قسم نے لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا، برطانیہ سے پھیلنے والی کرونا کی بی 117 نامی نئی قسم کی پاکستان میں بھی دو افراد میں تشخیص ہوگئی۔نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بھی برطانیہ سے آئے دو افراد میں نئے وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں نئے وائرس کی تصدیق گزشتہ ماہ ہوئی تھی،

برطانیہ میں آنے والا نیا وائرس دیگر 31 ممالک میں بھی پایا گیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے آنے والوں کےلیے نئے وائرس کا ٹیسٹ کروانا لازم ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 39 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہوگئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 895 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 40 ہزار 714، سندھ میں 2 لاکھ 18 ہزار 597، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 484، بلوچستان میں 18 ہزار 247، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 867، اسلام آباد میں 38 ہزار 263 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 357 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 68 لاکھ 49 ہزار 867 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 139 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 38 ہزار 974 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 242 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 39 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 124، سندھ میں 3 ہزار 611، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 675، اسلام آباد میں 428، بلوچستان میں 185، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 226 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں