بھارتی کرکٹ ٹیم قوانین کی پاسداری نہیں کرسکتی تو برسبین نہ آئے، وزیر صحت کوئینز لینڈ روس بیٹس

برسبین(نیوز ڈیسک)آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ کی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم ریاستی قواعد و ضوابط کی پابندی نہیں کرسکتی تو اسے کوئز لینڈ آنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔آسٹریلیا کے شہر برسبین میں بارڈر گواسکر ٹرافی کا چوتھا میچ ہونا ہے، آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ میں داخلے کی صورت میں بھارتی ٹیم کو 14 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔دوسری جانب کوئنز لینڈ کے وزیر کھیل ٹم مانڈر کا بھی کہنا ہے کہ ایک ہی اصول سب پر لاگو ہوں گے، بھارتی ٹیم کی شکایات پر غور نہیں کیا گیا، کورونا کی پابندیوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اگر بھارتی ٹیم قانون پر عمل نہیں کرتی تو ان کا

خیرمقدم نہیں کیا جائے گا۔اس سے قبل بھارتی ٹیم نے برسبین ٹیسٹ سے متعلق امور اٹھائے تھے کہ وہ آخری ٹیسٹ سے قبل قرنطینہ کی سخت پابندیوں سے خوش نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کے ساتھ آسٹریلوی شہریوں کی طرح سلوک کیا جائے گا، کھلاڑی کورونا پروٹوکول کے دوران مکمل تعاون کررہے ہیں اور وہ ایسی صورتحال سے اچھی طرح واقف ہیں۔واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ 15 جنوری سے برسبین میں شیڈول ہے، اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ سڈنی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں