مریم نواز اور خواجہ آصف میں اختلافات کا انکشاف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور خواجہ آصف میں اختلافات میں انکشاف ہوا ہے،اسی حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے سینئر صحافی صابر شاکر کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد مریم نواز کا جو اغوا والا بیان سامنے آیا اس میں کتنی صداقت ہے کتنی نہیں یہ تو خواجہ آصف بتائیں گے لیکن خواجہ آصف متعدد انٹرویوز اور نجی محافل میں کہتے تھے کہ مریم نواز جو کچھ کر رہی ہیں اور ان کا جو بیانیہ ہے وہ ہمیں بند گلی کی طرف لے جائے گا۔خواجہ آصف کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جو کھل کر نجی محافل میں اس حوالے سے گفتگو کرتے تھے۔

صابر شاکر نے مزید کہا کہ مریم نواز کے بقول خواجہ آصف کا نام ان چار پانچ لوگوں میں شامل تھا جو وکٹ کے دونوں جانب کھیلتے تھے۔مریم نواز یہ بات جاوید لطیف کے ذریعے میڈیا میں بھی لائیں۔انہوں نے یہ بھی کہا 13 دسمبر کا جلسہ ناکام ہونے کے پیچھے ن لیگ کے کچھ رہنما ہیں جو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور انہی رہنماؤں میں سے ایک خواجہ آصف ہیں۔اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی، راناثناء اللہ ،ایاز صادق اور احسن اقبال بھی شامل ہیں،مریم نواز ن لیگ کے نظریے سے ہٹ کر سیاست کر رہی ہیں۔جب وہ سندھ گئیں تو ان کے ساتھ کوئی سینیر رہنما نہیں تھا۔گڑھی خدا بخش میں مریم کے ساتھ مفتاح اسماعیل اور محمد زبیر تھے۔واضح رہے کہ نیب نے 29 دسمبر کو مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء خواجہ آصف کو اسلام آباد سے احسن اقبال کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔پارلیمانی لیڈر ن لیگ خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا ۔ خواجہ آصف اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کے گھر کے باہر موجود تھے کہ نیب حکام نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ بتایا گیا کہ خواجہ آصف کے وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب کے دستخط سے جاری ہوئے۔ خواجہ آصف کو گرفتاری کے بعد نیب راولپنڈی کے دفتر میں منتقل کردیا گیا۔نیب راولپنڈی میں طبی معائنہ کیا جائے گا۔آج صبح بدھ کو احتساب عدالت سے خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ لیا جائے گا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کو اسی کیس میں گرفتارکیا گیا ہے جو پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار نے ان پر کیا تھا۔ عثمان ڈار کے اسی کیس پر خواجہ آصف کو اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کی اسمبلی رکنیت بحال کی تھی۔ خواجہ آصف دبئی سے حاصل 22 کروڑ روپے کی آمدن کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں