پی سی بی کا کرکٹ سے بھارتی اجارہ داری ختم کرنے کا فیصلہ

لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے براڈ کاسٹنگ میں بھارتی اجارہ داری ختم کرنیکا فیصلہ کرلیا، آئندہ پروڈکشن ٹینڈرز میں شریک ہونیکی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال ایک ہندوستانی کمپنی نے بھارت اور پاکستان کے مابین سیاسی تعلقات میں تنائو کی وجہ سے دبئی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچوں کی تیاری جاری رکھنے سے انکار کردیا تھا۔مستقبل میں ایسے امور سے بچنے کے لئے ہندوستانی کمپنیوں کی پروڈکشن کیلئے خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی ۔ پی سی بی مستقبل میں میچوں کی تیاری کے لئے مقامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرے گا تاہم اگر

مقامی سطح پر تکنیکی مہارت کی کمی محسوس کی گئی تو اس خلا کو پر کرنے کے لئے غیر ملکی کمپنیوں سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔میڈیا کے رابطہ کرنے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے مذکورہ پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اب کسی بھی ہندوستانی کمپنی کے ساتھ کام نہیں کرے گا، بورڈ 4 ماہ کے لئے پروڈکشن ٹینڈر جاری کرے گا ، جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے اپریل میں سیزن کے اختتام تک شروع ہوگا، اس میں صرف پاکستان کی کمپنیاں ہی حصہ لے سکیں گی۔ سمیع الحسن برنی نے کہا کہ اگر انہوں نے غیر ملکی کمپنی کے ساتھ کنسورشیم بنانے کا فیصلہ کیا تو یہ ایک ایسی کمپنی ہوگی جس کے ساتھ پی سی بی کے قانونی معاملات زیر التوا نہ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 2021ء اور 2022ء میں نیوزی لینڈ ، انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا۔ اس مدت کے پروڈکشن ٹینڈر کا فیصلہ میڈیا حقوق کے ساتھ ساتھ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل کے پاس بھی ہندوستانی براڈکاسٹر موجود ہیں۔ تاہم ، پی سی بی نے ابھی تک اس سلسلے میں کسی بھی عمل کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں