وزیراعظم عمران خان نےمشروط طور پر مستعفی ہونے کی ہامی بھرلی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو چیلنج کیا ہے کہ اگر وہ ایک ہفتہ بھی دھرنے میں گزاردیں تو میں استعفے کا سوچنا شروع کر دوں گا۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتیں اس وقت وزیراعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہیں جب کہ اس مقصد کے لیے انہوں نے باقاعدہ حکمت عملی بنا لی ہے جس میں اسلام آباد کی جانب سے لانگ مارچ بھی شامل ہے۔اسی حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کو انٹرویو دیتے ہوئے اپوزیشن کو بڑا چیلنج کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اسلام آباد میں 126 دن دھرنا دیا۔میں اپوزیشن کو چینلج کرتا ہوں کہ

اگر انہوں نے ہفتہ بھی یہاں گزار لیا تو پھر میں واقعی استعفیٰ دینے سے متعلق سوچنا شروع کر دوں گا۔۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی رہنماوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لانگ مارچ کیلئے تیار ہوجائیں اور اس سلسلے میں کارکنوں کے ساتھ رابطے کو موثر بنائیں۔مریم نواز کی جانب سے لاہور کے منتخب اراکین اسمبلی ، میئر اور ڈپٹی میئرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا ، جس میں لاہور جلسے کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور صدر ن لیگ شہباز شریف کی طرف سے عہدیداران کی کاوشوں کی تعریف کی گئی جب کہ اجلاس میں پارٹی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعدرفیق ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ساتھ ساتھ افضل کھوکھر اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ لاہور جلسے کی کامیابی کیلئے تمام لوگوں نے انتھک محنت کی ، آپ سب پارٹی کا سرمایہ ہیں ، لاہور کا جلسہ کامیاب بنانے پر مشکور ہوں ، آپ لوگ پارٹی کا فخر ہیں ، جلسے کی کامیابی زبردست موبلائیزیشن کا نتیجہ ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے لانگ مارچ کامیاب کرنے کیلئے ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کرلیا ، مسلم لیگ ن کی قیادت کا لاہور میں ایک مشاورتی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پہلے مرحلے میں لاہور میں اظہار تشکر ریلی نکالیں گی ، عوامی رابطہ مہم میں مریم نواز عوام کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گی اس کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کی نائب صدر جنوبی پنجاب کا بھی دورہ کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں