پاکستان کا اہم ترین شہر بڑی تخریب کاری سے بچ گیا

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور کے علاقہ بڈھ بیر میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں چار دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے تھانہ باڑہ کی حدود میں خفیہ اطلاعات پر ایک مکان پر چھاپہ مارا، کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاردہشتگردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ذاکرآفریدی بھی شامل ہے۔دہشتگردوں کےقبضے سے تین خودکش جیکٹس، چھ دیسی ساختہ بم برآمد اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پربڈھ بیر میں بھی کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے آٹھ سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

دہشتگردوں نے پچیس دسمبر کو پشاور میں بڑی کارروائی کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 23 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ورک تباہ کیا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دو اہم دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب دو روز قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دفعہ 144نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ شہر میں دفعہ 144 ایک ماہ کے لیے لگائی گئی ہے جس کے تحت کالے شیشے والی گاڑیوں ، اسلحے کی نمائش اور افغان شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جب کہ اس دوران پشاور میں آتش گیر مادہ اور پٹاخوں کی خریدو فروخت پر بھی مکمل پابندی عائد رہے گی۔ مزید برآں پشاور کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں