شعیب ملک نے اپنا سب سے بڑا اعزاز آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے نام کردیا

ہمبنٹوٹا (نیوز ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کیریئر کا ریکارڈ 34 واں مین آف دی میچ ایوارڈ شہدائے آرمی پبلک سکول کے نام کردیا۔ لنکن پریمیئر لیگ کے فائنل میں گال گلیڈی ایٹرز کیخلاف بہترین کارکردگی دکھا کر جافنا سٹالینز کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 38 سالہ پاکستانی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ سے بہت لطف اندوز ہوئے۔شعیب ملک نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانا چاہتے تھے مگر کبھی آپ کامیاب ہوتے ہیں اور کبھی نہیں، انہوں نے فتح گر کارکردگی آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے ننھے چیمپئنز کے نام کردی۔یاد رہے کہ شعیب

ملک نے 34 ویں بار کسی ٹی ٹونٹی میچ میں مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرکے شاہد آفریدی کا ریکارڈ بھی برابر کیا ہے۔واضح رہے کہ شعیب ملک کی ٹیم نے فائنل میں گال گلیڈی ایٹرز کو 53 رنز سے شکست دی، فاتح سائیڈ نے 6 وکٹ پر 188 رنز بنائے، شعیب نے سب سے زیادہ 46 رنز 35 بالز پر سکور کیے، تھیسارا پریرا 39 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، دھننجایا لکشن نے 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 وکٹوں پر 135 رنز بنا سکی، کپتان بھانوکا راجاپکسے 40 اور اعظم خان 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شعیب ملک اور عثمان شنواری نے2، 2 وکٹیں لیں،قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ایک کیچ بھی لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں