مسجد نبویﷺ جانے والے زائرین اور نمازیوں کیلئے شاندار سہولت کا اعلان کردیا گیا

مدینہ منورہ(نیوز ڈیسک) سعودی عرب دُنیا بھر کے مسلمانوں کے متبرک اور مقدس ترین مقام ہیں۔ یہاں پر موجود خانہ کعبہ اور مسجد نبوی اور روضہ شریف کی زیارت کے لیے ہر سال ایک کروڑ سے زائد افراد حج اور عمرہ کی غرض سے یہاں آتے ہیں۔ کورونا کی وبا سے قبل مسجد الحرام میں دن رات لاکھوں افراد کا اجتماع رہتا تھا۔ اتنی بڑی تعداد کو عبادت، زیارت اور حج و عمرہ کی سعادت کے دوران سہولیات اور آرام فراہم کرنا حرمین شریفین کی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے جسے وہ بخوبی نبھاتی ہے۔مسجد نبوی شریف انتظامیہ نے نمازیوں کی سہولت کے لیے داخلہ کارڈ جاری کیے ہیں۔

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے نئے کارڈ کا اجرا کیا ہے۔اُردو نیوز کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’نماز جمعہ اور دیگر نمازوں کے دوران زائرین اور خاص طور پر معمر افراد کو بعض اوقات بیت الخلا یا وضو کے لیے مسجد سے باہر جانے کی ضرورت پیش آتی ہے‘۔’ایسے میں کورونا وائرس کے باعث انتظامی امور کی وجہ سے نمازیوں کا مسجد واپس آنا مشکل ہو جاتا ہے‘۔’کارڈ سے یہ سہولت ہوگی کہ مسجد سے باہر جانے والا واپسی پر اپنا کارڈ دکھا کے آسانی سے داخل ہوسکتا ہے‘۔انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے اس اقدام کو احسن قرار دیتے ہوئے اسے سراہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ’کارڈ کے باعث مسجد نبوی شریف کے زائرین کو کافی سہولت ہوجائے گی، انتظامیہ کا اصل کام ہی یہی ہے کہ وہ زائرین کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرے‘۔واضح رہے کہ سعودی حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران مسجد الحرام میں نمازیوں اور عمرہ زائرین کی آمد اور عبادت پر پابندی کے دنوں میں کئی ایسے تعمیراتی کام تیزی سے کر ڈالے، جنہیں عام حالات میں نمٹانے میں کئی ماہ کا وقت لگ سکتا تھا۔ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے مطابق مسجد الحرام میں مسعیٰ اور شاہ فہد توسیعی علاقے میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران سنگ مرمر کی 4 ہزار سے زائد سلیب تبدیل کر دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ امام کے مصلے یعنی نماز پڑھانے کی جگہ کو بھی تیار کیا گیا ہے۔حرمین شریفین سے متعلق پراجیکٹس کے ڈائریکٹر انجینئر عمار الاحمدی کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے دوران

جب نمازوں اور عمرہ کی ادائیگی معطل تھی ، اس دوران 1849 مربع میٹر رقبے پر محیط سنگ مرمر کے 4,001 پرانے سلیب اُکھاڑ کر ان کی جگہ نئے سلیب لگا دیئے گئے ہیں۔ سعی کے مقام پر 7سو سنگ مرمر سلیبز جبکہ شاہ فہد توسیعی حصے میں 3,302سلیبز لگائی گئی ہیں۔ان سلیبز کی موٹائی 3 سینٹی میٹر ہے۔ اس کے علاوہ امام کا مصلیٰ گراؤنڈ فلور پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ مصلیٰ اٹھارہ روز کے اندر تیا ر کیا گیا ۔ اس مصلےٰ میں 7 ایئرکنڈیشنڈ کیبن یونٹس، 7 فانوس، 140 لائٹنگ یونٹس اور 38 اسپیکرز شامل ہیں۔ سنگ مرمر کی سلیبز لگوانے اور امام کا مصلیٰ تیار کروانے کے کام کی نگرانی 15 انجینئرز نے کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں