اپوزیشن استعفےجمع کروائے ،5منٹ میں منظور ہوجائیں گے،حکومتی شخصیت کاپی ڈی ایم کو چیلنج

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے اپوزیشن اپنے استعفے جمع کروائے، 5 منٹ میں قبول کر لیں گے۔ جاری بیان میں سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کوچیلنج کرتے ہیں کہ استعفے دینے ہیں تو 24 گھنٹوں میں اسپیکر کو دے دیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن استعفے جمع کروائے، 5 منٹ میں سارے استعفے منظور کر لیے جائیں گے۔سینیٹر فیصل جاوید ن لیگ، پیپلز پارٹی کے اینآر او مانگنے کی مبینہ دستاویز سامنے لے آ ئے ۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ آپس میں سلیم اللہ سے کلیم اللہ اور کلیم اللہ سے سلیم اللہ کھیل رہے ہیں۔

فیصل جاوید نے کہا کہ یہ استعفے نہیں لطیفے ہیں، اپنی چوری بچانے کے لیے کتنے ہی پاپڑ بیلیں، انہیں ڈیل نہیں ملنی۔فیصل جاوید کا کہنا تھا ان کے تمام مقدمات ہی منی لانڈرنگ سے متعلق ہیں، اپوزیشن کی جانب سے جن 34 ترامیم کا کہاگیا ان میں ہر ترمیم کے بدلے ان کا ایک بندہ چھوٹ سکتا ہے، پوری پی ڈی ایم نے سلیم اللہ کلیم اللہ والا کھیل شروع کر دیا ہے۔استعفوں پر انھوں نے کہا میں چیلنج کرتا ہوں یہ استعفے اسپیکر کو دیں اگلے 5 منٹ میں قبول کر لیں گے، ہم ایاز صادق کی طرح استعفے پاس رکھ کر نہیں بیٹھیں گے، جب ہم نے استعفے دیے تو پارٹی میں 2 طرح کی رائے تھی، کچھ لوگ استعفے واپس لینے اور کچھ ہرگز واپسی کے حق میں نہیں تھے، جب کہ عمران خان اس وقت اسمبلیوں میں واپسی کے حق میں نہیں تھے۔این آر او سے متعلق سینیٹر نے کہا کہ این آر او ہمیشہ حکومتیں دیتی ہیں لیتی نہیں، جنرل مشرف سے این آر او لینے والوں نے ماضی میں ایک دوسرے کو بھی دیے، اپوزیشن کی بات مذاق ہے کہ حکومت کو این آر او نہیں ملے گا، یہ سب وزیر اعظم کو بلیک میل کرنے کے لیے پیچھے پڑے ہیں۔اپوزیشن کے جلسوں پر ان کا کہنا تھا حکومت کو دھرنے سے فرق پڑتا ہے نہ لانگ مارچ سے، ہم عدالتی احکامات کے نتیجے میں جلسوں کی اجازت نہیں دے سکتے، اگر روکتے ہیں تو تصادم کا خطرہ ہے جو حکومت کسی صورت نہیں چاہتی، یہ الٹے بھی لٹک جائیں عمران خان این آر او نہیں دیں گے۔کیاحکومتی لوگ اپوزیشن سے رابطہ کر رہے ہیں؟ اے آر وائی نیوز کے اس سوال پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پارلیمانی فورم کے ذریعے اپوزیشن سے رابطے کیے گئے ہیں، انھیں پیغام دیاگیا ہے کہ ڈیل اور این آر او کے علاوہ بات کرنا چاہیں تو ہم تیارہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں