نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے شیخ رشید کا اہم ترین کردار سامنے آگیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صحافی صدیق جان نے کہا کہ شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنانے پر رانا ثنا ء اللہ جو ان پر تنقید کر رہے ہیں شاید وہ بھول گئے ہیں کہ اُن کی جماعت کے ہی رہنماؤں نے آصف علی زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کا وعدہ کیا تھا۔ آصف علی زرداری نے بھی کہا تھا کہ میں نواز شریف کو معاف کر بھی دوں لیکن مجھے میرا اللہ مجھے معاف نہیں کرے گا۔اتنی بڑی بڑی باتیں کرنے کے باوجود آج یہ لوگ ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں، ایک دوسرے کا دفاع کر رہے ہیں۔ ان کو چاہئیے کہ کسی پر تنقید کرنے سے پہلے اپنا بھی جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا معاملہ بہت اہم ہے۔ شیخ رشید بہت ساری اہم چیزوں پر کام کرنے جا رہے ہیں ، ان میں ایک نواز شریف کی واپسی ہے۔

نواز شریف کی واپسی کا معاملہ انٹرپول کا معاملہ ہے۔شیخ رشید اس میں اپنا کردار ادا کریں گے۔اس کے علاوہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات ، پی ڈی ایم کی فنڈنگ ، پی ڈی ایم رہنماؤں کے اکاؤنٹس کی چھان بین، پی ڈی ایم کا جلسہ ، پی ڈی ایم کا دھرنا، پی ڈی ایم کا لانگ مارچ سے متعلق ٹاسک بھی شیخ رشید کے ذمے ہیں۔ وزیر داخلہ بننے کے بعد درجنوں محکمے شیخ رشید کے ماتحت ہیں جن کا تعلق اپوزیشن رہنماؤں کے کیسز سے ہے۔ اگر عمران خان نے شیخ رشید کو کہہ دیا کہ پی ڈی ایم اسلام آباد نہ آنے پائے تو شیخ رشید میں وہ صلاحیت ہے کہ وہ ایک ایسی حکمت عملی بنائیں گے کہ کوئی بھی اسلام آباد میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ شیخ رشید سایسی بیانیہ بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے معاملے پر بھی اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں